(ن) شَقَّ يَشُقُّ شَقًّا وَمَشَقَّةً (اصل: شَقَقَ يَشْقُقُ): پھاڑ دینا (اردو میں «مشقت» اسی معنی میں)؛ نیز کام کا دشوار ہونا۔ ﴿ثُمَّ شَقَقْنَا الْاَرْضَ شَقًّا﴾ (عبس ۸۰:۲۶)
شِقٌّ (اسم ذات): دشواری، مشقت (اردو میں «شق»: دفعہ، جزو؛ دراڑ؛ عربی میں: دشواری؛ آدھا حصہ)۔ ﴿لَمْ تَكُوْنُوْا بٰلِغِيْهِ اِلَّا بِشِقِّ الْاَنْفُسِ﴾ (النحل ۱۶:۷)
شُقَّةٌ (اسم ذات): مشکل سفر، دور دراز کی مسافت۔ ﴿وَلٰكِنْۢ بَعُدَتْ عَلَيْهِمُ الشُّقَّةُ﴾ (التوبۃ ۹:۴۲)
اَشَقُّ (اسم التفضیل): زیادہ دشوار۔ ﴿وَلَعَذَابُ الْاٰخِرَةِ اَشَقُّ﴾ (الرعد ۱۳:۳۴)
تفعّل تَشَقَّقَ يَتَشَقَّقُ تَشَقُّقًا: پھٹ جانا۔ ﴿وَيَوْمَ تَشَقَّقُ السَّمَآءُ بِالْغَمَامِ﴾ (الفرقان ۲۵:۲۵)
مفاعلہ شَاقَّ يُشَاقُّ شِقَاقًا وَمُشَاقَّةً (اصل: شَاقَقَ يُشَاقِقُ): ایک دوسرے کی مخالفت کرنا (پھٹ کر الگ ہو جانے کی وجہ سے)۔ ﴿وَمَنْ يُّشَاقِقِ الرَّسُوْلَ﴾ (النساء ۴:۱۱۵)؛ ﴿وَاِنْ خِفْتُمْ شِقَاقَ بَيْنِهِمَا﴾ (النساء ۴:۳۵)
انفعال اِنْشَقَّ يَنْشَقُّ اِنْشِقَاقًا (اصل: اِنْشَقَقَ يَنْشَقِقُ): پھٹ جانا (اردو میں «انشقاق» اسی معنی میں)۔ ﴿اِذَا السَّمَآءُ انْشَقَّتْ﴾ (الانشقاق ۸۴:۱)
اردو میں اس مادے سے: شاق۔
«انھیں یہ ڈر ہے کہ میرے نالوں سے شق نہ ہو سنگِ آستانہ» (ارمغانِ حجاز)