Rizwan Zubair

مادّہ ط ل ع

قرآنِ کریم میں اس مادّے کی مثالیں: 6 · English

ط ل عṭ-l-ʿ

(ن) طَلَعَ يَطْلُعُ طُلُوْعًا: بلند ہو کر سامنے آنا: (۱) چڑھنا (۲) نکلنا (اردو میں «طلوع» اسی معنی میں)۔ ﴿وَتَرَي الشَّمْسَ اِذَا طَلَعَتْ﴾ (الکھف ۱۸:۱۷)

طَلْعٌ (اسمِ ذات): کھجور کا شگوفہ، خوشہ، کونپل۔ ﴿وَالنَّخْلَ بٰسِقٰتٍ لَّهَا طَلْعٌ نَّضِيْدٌ﴾ (قٓ ۵۰:۱۰)

مَطْلَعٌ اور مَطْلِعٌ (اسم الظرف): نکلنے کی جگہ یا وقت (اردو میں «مطلع»: غزل کا پہلا شعر؛ آسمان کا رنگ؛ عربی میں: نکلنے کی جگہ یا وقت)۔ ﴿سَلٰمٌ هِيَ حَتّٰى مَطْلَعِ الْفَجْرِ﴾ (القدر ۹۷:۵)؛ ﴿حَتّٰٓى اِذَا بَلَغَ مَطْلِعَ الشَّمْسِ﴾ (الکھف ۱۸:۹۰)

(مفاعلہ) طَالَعَ يُطَالِعُ مُطَالَعَةً: کسی چیز کو غور سے دیکھنا، کتاب وغیرہ توجہ سے پڑھنا (اردو میں «مطالعہ» اسی معنی میں)۔ (یہ فعل قرآن میں استعمال نہیں ہوا)۔

(افعال) اَطْلَعَ يُطْلِعُ اِطْلَاعًا: بلند کر کے سامنے لانا، یعنی کسی کو کسی بات سے آگاہ کرنا (اردو میں «اطلاع» اسی معنی میں)۔ ﴿وَمَا كَانَ اللّٰهُ لِيُطْلِعَكُمْ عَلَي الْغَيْبِ﴾ (اٰل عمران ۳:۱۷۹)

(افتعال) اِطَّلَعَ يَطَّلِعُ اِطِّلَاعًا: (۱) چڑھنا (۲) کسی چیز پر چڑھ کر جھانکنا (۳) آگاہ ہونا۔ مُطَّلِعٌ (اسم الفاعل): جھانکنے والا، آگاہ ہونے والا۔ ﴿فَاطَّلَعَ فَرَاٰهُ فِيْ سَوَآءِ الْجَحِيْمِ﴾ (الصافات ۳۷:۵۵)

اردو میں اس مادے سے: مطالعہ؛ طالع (قسمت، نصیب؛ عربی میں: طلوع ہونے والا ستارہ)۔

«مطلعِ خورشید میں مضمر ہے یوں مضمونِ صبح» (بانگِ درا)

باب عربی صیغے اور مشتقات اردو میں مستعمل الفاظ قرآنی آیت سورت و آیت کا حوالہ