(س) سَوِيَ يَسْوٰى سَوَاءً: ہموار ہونا، حالت یا مقدار میں برابر ہونا۔
سَوَاءٌ (اسم ذات بھی): برابر؛ کسی چیز کا درمیان یا وسط۔ ﴿سَوَآءٌ عَلَيْهِمْ ءَاَنْذَرْتَهُمْ اَمْ لَمْ تُنْذِرْهُمْ﴾ (البقرۃ ۲:۶)
سَوِيٌّ (فَعِيْلٌ کے وزن پر صفت): ہر لحاظ سے کمی یا زیادتی سے پاک، کامل۔ ﴿فَتَمَثَّلَ لَهَا بَشَرًا سَوِيًّا﴾ (مریم ۱۹:۱۷)
افتعال اِسْتَوٰى يَسْتَوِيْ اِسْتِوَاءً: (۱) دو چیزوں کا باہم برابر ہونا (اردو میں «استوا» اسی معنی میں)۔ ﴿قُلْ هَلْ يَسْتَوِي الَّذِيْنَ يَعْلَمُوْنَ وَالَّذِيْنَ لَا يَعْلَمُوْنَ﴾ (الزمر ۳۹:۹) (۲) «اِلٰى» کے ساتھ: کسی طرف متوجہ ہونا، ارادہ کرنا۔ ﴿ثُمَّ اسْتَوٰٓى اِلَي السَّمَآءِ﴾ (البقرۃ ۲:۲۹) (۳) «عَلٰى» کے ساتھ: غالب آنا، متمکن ہونا۔ ﴿ثُمَّ اسْتَوٰى عَلَي الْعَرْشِ﴾ (الاعراف ۷:۵۴)
تفعیل سَوّٰى يُسَوِّيْ تَسْوِيَةً: کسی چیز کو کمی یا زیادتی سے پاک کرنا (اردو میں «تسویہ»: معاملہ طے کرنا، حساب چکانا؛ عربی میں: ہموار اور موزوں کرنا)؛ ہر لحاظ سے مناسب و موزوں بنانا، یعنی نوک پلک سے درست کرنا؛ ہموار یا برابر کرنا۔ ﴿الَّذِيْ خَلَقَ فَسَوّٰى﴾ (الاعلٰی ۸۷:۲)
مفاعلہ سَاوٰى يُسَاوِيْ مُسَاوَاةً: دو یا زیادہ چیزوں کو برابر کرنا (اردو میں «مساوات» اسی معنی میں)۔ ﴿حَتّٰٓى اِذَا سَاوٰى بَيْنَ الصَّدَفَيْنِ﴾ (الکھف ۱۸:۹۶)
اردو میں اس مادے سے: مساوی۔
«پیتے ہیں لہو، دیتے ہیں تعلیمِ مساوات» (بالِ جبریل)