(ف) لَحَدَ يَلْحَدُ لَحْدًا: (۱) بغلی قبر (لحد) کھودنا (۲) درمیانی راستے سے ایک طرف ہٹ جانا (اردو میں «لحد» اسی معنی میں)۔ (یہ فعل قرآن میں استعمال نہیں ہوا)۔
(افعال) اَلْحَدَ يُلْحِدُ اِلْحَادًا: حق سے کج روی اختیار کرنا، (عقیدے میں) ٹیڑھی راہ چلنا (اردو میں «الحاد»: خدا کا انکار، بے دینی؛ عربی میں: حق سے کج روی، ٹیڑھی راہ)۔ ﴿وَذَرُوا الَّذِيْنَ يُلْحِدُوْنَ فِيْٓ اَسْمَآئِهِۦ﴾ (الاعراف ۷:۱۸۰)؛ ﴿وَمَنْ يُّرِدْ فِيْهِ بِاِلْحَادٍۢ بِظُلْمٍ﴾ (الحج ۲۲:۲۵)
(افتعال) اِلْتَحَدَ يَلْتَحِدُ اِلْتِحَادًا: اہتمام سے کسی طرف مائل ہونا؛ مُلْتَحَدٌ (اسم المفعول بطور ظرف): جائے پناہ۔ ﴿وَلَنْ تَجِدَ مِنْ دُوْنِهِۦ مُلْتَحَدًا﴾ (الکھف ۱۸:۲۷)
اردو میں اس مادے سے: ملحد (خدا کا منکر، بے دین؛ عربی میں: حق سے ہٹنے والا)۔
«آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے» (بانگِ درا)
«کیا خبر تھی کہ چلا آئے گا الحاد بھی ساتھ» (بانگِ درا)