(ن) حَرَبَ يَحْرُبُ حَرْبًا: کسی سے کوئی چیز حاصل کرنا، چھین لینا۔
(س) حَرِبَ يَحْرَبُ حَرَبًا: سخت غضبناک ہونا۔
حَرْبٌ: لڑائی، جنگ (اردو میں «حرب، حربی» اسی معنی میں)۔ ﴿فَاْذَنُوْا بِحَرْبٍ مِّنَ اللّٰهِ وَرَسُوْلِهِۦ﴾ (البقرۃ ۲:۲۷۹)؛ ﴿حَتّٰى تَضَعَ الْحَرْبُ اَوْزَارَهَا﴾ (محمد ۴۷:۴)
مِحْرَابٌ ج مَحَارِيْبُ (مِفْعَالٌ کے وزن پر اسم الآلہ): کسی سے کچھ حاصل کرنے کا ذریعہ: (۱) آرام و سکون حاصل کرنے کے لئے مکان کا بالا خانہ (۲) اللہ سے مدد مانگنے کے لئے ہمکلامی کی جگہ، مسجد کی محراب (اردو میں «محراب»: مسجد کا طاق، قوس؛ عربی میں: بالا خانہ، عبادت کی جگہ)۔ ﴿كُلَّمَا دَخَلَ عَلَيْهَا زَكَرِيَّا الْمِحْرَابَ﴾ (اٰل عمران ۳:۳۷)؛ ﴿يَعْمَلُوْنَ لَهُۥ مَا يَشَآءُ مِنْ مَّحَارِيْبَ﴾ (سبا ۳۴:۱۳)
مفاعلہ حَارَبَ يُحَارِبُ مُحَارَبَةً: لڑائی کرنا، جنگ کرنا (اردو میں «محاربہ» اسی معنی میں)۔ ﴿اِنَّمَا جَزٰٓؤُا الَّذِيْنَ يُحَارِبُوْنَ اللّٰهَ وَرَسُوْلَهُۥ﴾ (المائدۃ ۵:۳۳)
«تو حرب و ضرب سے بیگانہ ہو تو کیا کہیے» (ضربِ کلیم)