(ض) حَقَّ يَحِقُّ حَقًّا: کسی چیز یا بات کا کسی چیز یا بات کے مطابق اور موافق ہونا: (۱) ثابت ہونا، دعوے کے مطابق ہونا (۲) سچ ہونا (۳) با مقصد ہونا۔ ﴿لَقَدْ حَقَّ الْقَوْلُ عَلٰٓى اَكْثَرِهِمْ﴾ (یٰسٓ ۳۶:۷)
(ن) حَقَّ يَحُقُّ حَقًّا (متعدی): کسی چیز کو کسی چیز یا بات کے مطابق کرنا۔
حَقٌّ: ثابت شدہ سچائی (اردو میں «حق، حقوق» اسی معنی میں)۔ ﴿وَقُلْ جَآءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ﴾ (بنی اسرائیل ۱۷:۸۱)
حَآقٌّ (اسم الفاعل) مؤنث حَآقَّة: ثابت ہو کر رہنے والی (قیامت)۔ ﴿اَلْحَآقَّةُ مَا الْحَآقَّةُ﴾ (الحاقۃ ۶۹:۱-۲)
اَحَقُّ (افعل التفضیل): زیادہ حقدار۔ ﴿وَاللّٰهُ اَحَقُّ اَنْ تَخْشٰىهُ﴾ (الاحزاب ۳۳:۳۷)
تفعیل حَقَّقَ يُحَقِّقُ تَحْقِيْقًا: کسی بات کی حقیقت جانچنا، چھان بین کر کے ثابت کرنا (اردو میں «تحقیق، محقق» اسی معنی میں)۔ (یہ فعل قرآن میں استعمال نہیں ہوا)۔
افعال اَحَقَّ يُحِقُّ اِحْقَاقًا: ثابت کرنا۔ ﴿لِيُحِقَّ الْحَقَّ وَيُبْطِلَ الْبَاطِلَ﴾ (الانفال ۸:۸)
استفعال اِسْتَحَقَّ يَسْتَحِقُّ اِسْتِحْقَاقًا: مستحق ہونا، مرتکب ہونا (اردو میں «مستحق، استحقاق» اسی معنی میں)۔ ﴿فَاِنْ عُثِرَ عَلٰٓى اَنَّهُمَا اسْتَحَقَّآ اِثْمًا﴾ (المائدۃ ۵:۱۰۷)
اردو میں اس مادے سے: حقیقت، حقیقی، تحقیق، محقق۔