(ن) عَمَرَ يَعْمُرُ عِمَارَةً: کسی جگہ کو آباد کرنا (اردو میں «عمارت» اسی معنی میں)۔ مَعْمُوْرٌ (اسم المفعول): آباد کیا ہوا (اردو میں «معمور» اسی معنی میں)۔ ﴿اِنَّمَا يَعْمُرُ مَسٰجِدَ اللّٰهِ مَنْ اٰمَنَ بِاللّٰهِ﴾ (التوبۃ ۹:۱۸)؛ ﴿وَالْبَيْتِ الْمَعْمُوْرِ﴾ (الطور ۵۲:۴)
عُمُرٌ: بدن کے زندگی سے آباد رہنے کا عرصہ، عمر (اردو میں «عمر» اسی معنی میں)۔ عَمْرٌ: اس کے معنی بھی عمر کے ہیں، لیکن اس کا زیادہ تر استعمال قسم کھاتے وقت یا دعا کے وقت ہوتا ہے۔ ﴿لَعَمْرُكَ اِنَّهُمْ لَفِيْ سَكْرَتِهِمْ يَعْمَهُوْنَ﴾ (الحجر ۱۵:۷۲)
(تفعیل) عَمَّرَ يُعَمِّرُ تَعْمِيْرًا: کسی کو عمر دینا، زندگی دینا (اردو میں «تعمیر»: بنانا، عمارت کھڑی کرنا؛ عربی میں: لمبی عمر دینا)۔ مُعَمَّرٌ (اسم المفعول): عمر دیا ہوا (اردو میں «معمر» اسی معنی میں)۔ ﴿وَمَنْ نُّعَمِّرْهُ نُنَكِّسْهُ فِي الْخَلْقِ﴾ (یٰسٓ ۳۶:۶۸)
(افتعال) اِعْتَمَرَ يَعْتَمِرُ اِعْتِمَارًا: کسی جگہ کو اہتمام سے آباد کرنا؛ عمرہ کرنا۔ ﴿فَمَنْ حَجَّ الْبَيْتَ اَوِ اعْتَمَرَ﴾ (البقرۃ ۲:۱۵۸)
(استفعال) اِسْتَعْمَرَ يَسْتَعْمِرُ اِسْتِعْمَارًا: کسی کو کسی جگہ بسانا، آباد کرنا (اردو میں «استعمار»: نوآبادیاتی تسلط، سامراج؛ عربی میں: کسی کو کہیں بسانا)۔ ﴿وَاسْتَعْمَرَكُمْ فِيْهَا﴾ (ھود ۱۱:۶۱)
اردو میں اس مادے سے: عمرہ۔
«ساز خاموش ہیں، فریاد سے معمور ہیں ہم» (بانگِ درا)