(ف) شَرَحَ يَشْرَحُ شَرْحًا: (۱) گوشت کے لمبے لمبے ٹکڑے کاٹ کر اسے پھیلانا (اردو میں «شرح» اسی معنی میں)؛ پھر مطلقاً وسعت دینا، کشادہ کرنا کے لیے آتا ہے۔ ﴿اَلَمْ نَشْرَحْ لَكَ صَدْرَكَ﴾ (الانشراح ۹۴:۱)؛ ﴿وَلٰكِنْ مَّنْ شَرَحَ بِالْكُفْرِ صَدْرًا﴾ (النحل ۱۶:۱۰۶) (۲) کسی کام یا مسئلہ کے گہرے مطالب کو کھولنا؛ پھر مطلقاً کھولنا کے لیے آتا ہے۔
اِشْرَحْ (فعل امر): تو کشادہ کر، تو کھول۔ ﴿رَبِّ اشْرَحْ لِيْ صَدْرِيْ﴾ (طٰہٰ ۲۰:۲۵)
تفعیل شَرَّحَ يُشَرِّحُ تَشْرِيْحًا: گوشت کی بوٹیاں کرنا، جسم کو چیر کر اس کے اعضا دیکھنا (اردو میں «تشریح»: وضاحت، کسی بات کو کھول کر بیان کرنا؛ عربی میں: چیر پھاڑ کرنا، اور اسی سے کسی بات کو کھول کر بیان کرنا)۔ (یہ فعل قرآن میں استعمال نہیں ہوا)۔
اردو میں اس مادے سے: تشریح۔