(ض) عَرَفَ يَعْرِفُ عِرْفَانًا وَمَعْرِفَةً: پہچاننا (اردو میں «عرفان، معرفت» اسی معنی میں)۔ ﴿يَعْرِفُوْنَهُۥ كَمَا يَعْرِفُوْنَ اَبْنَآءَهُمْ﴾ (البقرۃ ۲:۱۴۶)
مَعْرُوْفٌ (اسم المفعول): جانا پہچانا، بھلائی (مُنْكَر کی ضد) (اردو میں «معروف» اسی معنی میں)۔ عُرْفٌ (اسم ذات): دستور، رواج (اردو میں «عرف» اسی معنی میں)؛ بھلائی۔ ﴿وَاْمُرْ بِالْمَعْرُوْفِ وَانْهَ عَنِ الْمُنْكَرِ﴾ (لقمٰن ۳۱:۱۷)
اَعْرَافٌ: بلند جگہیں، جنت و دوزخ کے درمیان کی دیوار کا نام۔ ﴿وَعَلَي الْاَعْرَافِ رِجَالٌ﴾ (الاعراف ۷:۴۶)
(تفاعل) تَعَارَفَ يَتَعَارَفُ تَعَارُفًا: ایک دوسرے کو پہچاننا (اردو میں «تعارف»: کسی کا ابتدائی تذکرہ، شناسائی کرانا؛ عربی میں: ایک دوسرے کو جاننا پہچاننا)۔ ﴿وَجَعَلْنٰكُمْ شُعُوْبًا وَّقَبَآئِلَ لِتَعَارَفُوْا﴾ (الحجرات ۴۹:۱۳)
(افتعال) اِعْتَرَفَ يَعْتَرِفُ اِعْتِرَافًا: اقرار کرنا، اعتراف کرنا (اردو میں «اعتراف» اسی معنی میں)۔ ﴿فَاعْتَرَفُوْا بِذَنْۢبِهِمْ﴾ (الملک ۶۷:۱۱)
اردو میں اس مادے سے: عارف (خدا شناس صوفی؛ عربی میں: جاننے پہچاننے والا)؛ تعریف (توصیف، ستائش؛ عربی میں: پہچان کرانا، حد بیان کرنا)۔
«علم تجھ سے تو معرفت مجھ سے» (بانگِ درا)